مینگلور 7/ نومبر (ایس او نیوز) قریبی تعلقہ سولیا کے بیلارے پولس تھانہ حدود کے موگاپے میں مچھلیوں کا شکار کرتے وقت ایک نوجوان تالاب میں گر کر موت کا شکار ہوگیا ۔
مہلوک کا نام اویناش (23 سال) بتایا جاتا ہے ، جو مولے سمپیا کا رہنے والا تھا ۔ مقامی افراد اور پتور فائر اسٹیشن کا عملہ جب تک جائے وقوع پر پہنچ کر تالاب سے اویناش کو نکالنے کی کوشش کرتا تب تک وہ دم توڑ چکا تھا ۔
بیلارے پولیس اسٹیشن میں اس معاملے میں کیس درج کرلیا گیا ہے ۔
بیلتنگڈی میں 5 ہتھ گولے برآمد
بیلتنگڈی 7/ نومبر (ایس او نیوز) یہاں ایلنتھیلا میں ایک باڑھ کے قریب پانچ ہتھ گولے (ہینڈ گرینیڈس) دستیاب ہونے کا ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے ۔
جئے کمار نامی ایک شخص نے پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے کہ کل شام کے وقت جب وہ اپنے گھر کی طرف جارہا تھا تو اس نے ایک باڑھ کے قریب ہتھ گولے جیسی چیزیں رکھی ہوئی دیکھیں ۔ چونکہ شکایت کنندہ آرمی کا وظیفہ یاب اسپیشل کمانڈنگ آفیسر ہے اس لئے اس نے آسانی سے پہچان لیا کہ واقعی یہ ہتھ گولے ہی ہیں ۔ پانچ ہتھ گولوں میں سے ایک گولہ پلاسٹک میں لپٹا ہوا تھا ۔ اگر جانوروں نے اسے چبایا اور اس کا پِن ریلیز ہوگیا تو پھر جو تباہی ہونی تھی اس کا اندازہ کرتے ہوئے جئے کمار نے یہ ہتھ گولے وہاں سے اٹھا لیے اور اپنے گھر کے ورانڈے میں لے جا کر رکھنے کے بعد اس کی اطلاع پولیس کو دے دی ۔
سمجھا جاتا ہے کہ کچھ نامعلوم شرپسندوں نے جان بوجھ کر ریٹائرڈ آفیسر کے گھر کے راستے میں یہ ہتھ گولے رکھے ہوں گے ۔ ایک اندازے کے مطابق یہ ہتھ گولے کم از کم چالیس سال پرانے ہیں ۔ پولیس نے اس معاملہ کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔
منگلورو : دوست کی نابالغ بہن کے ساتھ جنسی ہراسانی - ہسٹری شیٹر گرفتار
منگلورو 7/ نومبر (ایس او نیوز) اپنے دوست کی نابالغ بہن کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کرنے کے الزام میں تھوکٹو کے رہنے والے نوین سیکویرا (40 سال) نامی ہسٹری شیٹر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے سیکویرا کو اُڈپی کے ایک شراب خانہ سے گرفتار کیا اس کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات کے علاوہ پوکسو ایکٹ کے تحت کیس رجسٹر کیا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک بار میں ملازمت کے وقت ملزم سیکویرا متاثرہ لڑکی کے بھائی سے متعارف ہوا تھا اور اس کی دوستی ہوگئی تھی ۔ پھر وہ اپنے دوست کے گھر بار بار آنے جانے لگا اور کبھی کبھار دوست کے گھر میں رات گزارنے لگا ۔ اس دوران اس نے دوست کی کم عمر بہن سے امسال مارچ کے مہینے میں زبردستی جسمانی تعلقات بنانے پر اکساتا رہا ۔ اور جنسی ہراسانی کی اس بات کو راز میں نہ رکھنے پر خطرناک نتائج کی دھمکی بھی دی ۔ پھر 4 نومبر کو جب یہ لڑکی گھر پر تنہا تھی تو سیکویرا نے اسے غنودگی طاری کرنے والا کوئی جوس پلایا اور اس کے ساتھ زبردستی جنسی فعل کرکے فرار ہوگیا ۔
جب لڑکی نے والدین کو ساری کہانی بتائی تو انہوں نے پانڈیشور ویمنس پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ۔ معلوم ہوا ہے کہ ملزم سیکویرا الال پولیس اسٹیشن کے حدود میں تشدد اور چین چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہے اور اس کا نام ہسٹری شیٹرس میں شامل ہے ۔